لاک ڈاؤن خاتمہ،خیبر پختونخوامیں 26لاکھ81ہزار سیاحو ں کی آمد

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد میں بدستور اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سیاحوں کی بڑی تعداد ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے پر فضا مقامات کا رخ کر رہی ہے۔

 ترجمان محکمہ سیاحت لطیف الرحمان کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن اور پابندی ہٹ جانے کے بعد سے سیاح ملاکنڈ اورہزارہ ڈویژن کا رخ کر رہے ہیں جبکہ 13اگست سے اب تک خیبر پختونخوا میں 26لاکھ81ہزار سیاح آئے۔

انہوں نے کہا کہ 7لاکھ 62ہزار سے زائد سیاح اب بھی مختلف اضلاع میں قیام پزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ سیاح ایبٹ آباد میں ریکارڈکئے گئے اور ایبٹ آباد میں سیاح کی تعداد 17لاکھ18ہزار سے زائد جبکہ سوات میں 6لاکھ64ہزار سے زائد سیاح  آ ئے۔

 اسی طرح دیر لوئر، دیر اپر، چترال اور مانسہرہ اضلاع میں سیاحوں کی آمد صوبے کے دیگر اضلاع سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی خیبر پختونخوا آمد کی وجہ سے مقامی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور سیاحت کا یہ سلسلہ اب سال بھر جاری رہے گا۔

 سیاحت کے شعبہ میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور سہولیات کے متعدد منصوبوں پر محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کی جانب سے کام ہو رہا ہے۔