اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیا نیول چیف تعینات کردیا۔
ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق محمدامجدخان نیازی کو وائس ایڈمرل سے ایڈمرل کے عہدے پرترقی دی گئی ہے، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، ظفر محمود عباسی کی جگہ نیول چیف کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی تلوار حاصل کی ہے اور بھارت کے ساتھ حالیہ تنا ؤکے دوران محمد امجد خان نیازی نے اس پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔
ایڈمرل محمد امجد نیازی کی زیر کمان پاکستانی فلیٹ نے بھارتی آبدوز کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔دوسری جانب موجودہ نیول چیف ظفر محمود عباسی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو)کا الوداعی دورہ کیا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنر(آئی ایس پی آر)کے مطابق جی ایچ کیو میں ظفر محمود عباسی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، اس موقع پر آرمی چیف نے پاک نیوی میں طویل عرصے تک خدمات سرانجام دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جی ایچ کیو آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔