مسلم لیگ (ن) نے پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والے 5 ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔ جس کا اعلان پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے قیادت کی منظوری کے بعد کیا۔
نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ارکان کے خلاف کارروائی مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدررانا ثناءاللہ کے دستخطوں سے عمل میں آئی۔
دوسری جانب ایف اے ٹی ایف کی ووٹنگ میں غیرحاضر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جو راجا ظفر الحق کے دستخط سے جاری ہوئے۔
جن ارکان کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے ان میں راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی شامل ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہےکہ شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔