موجودہ حکومت کی بنیاد ہی کمزور، ایک جھٹکا لگا تو سہ نہ سکے گی،مریم نواز 

لاہور۔مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اس حکومت سے مذاکرات کی گوئی گنجائش نہیں ہے۔گرفتاری کا کوئی خوف نہیں،ہمیں گرفتار کیا گیا تو نواز شریف لندن سے قیادت کریں گے۔عمران خان کی حکومت وقت سے بہت پہلے گر جائے گی۔

 لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بنیاد ہی کمزور ہے اس لیے ایک جھٹکا لگا تو سہ نہیں سکے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ گرفتار کیا تو ہو جاوں گی یہ سیاہی ان کے منہ پر ملی جائے گی اور اگر ہمیں گرفتار کیا تو نواز شریف لندن سے قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم بننے والے نواز شریف کا کوئی مقابلہ نہیں یہ ہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کے خطاب کے بعد متعدد حکومتی اراکین نواز شریف کے بیان کا اثر زائل کرنے کے لیے سارا دن لگا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا آج کل جس پر ملک سے غداری کا الزام لگتا ہے وہ سب سے بڑا محب وطن ہے۔

نہ وزیراعظم کو مانتی ہوں نہ اس جعلی حکومت اور اس سیٹ اپ کو جبکہ موجودہ سیٹ اپ کو پہلے دن سے للکارنا چاہیے تھا۔ نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے پی سی نے جو آخری لانگ مارچ طے کیا ہے اور دسمبر یا جنوری میں اسلام آباد ہی جائے گا۔مریم نواز نے امید ظاہر کی کہ جنوری سے پہلے ہی لانگ مارچ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ میری گاڑی کا شیشہ ٹوٹا مقدمہ بھی مجھ پر ہی بنا۔

 انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی گرفتار ہوئے تو راناثنااللہ آجائیں گے، ہمیں گرفتاری کا کوئی خوف نہیں، ہمیں پتہ تھا کہ جو راستہ چنا ہے اس میں مشکلات آئیں گی، ہمیں گرفتار کیا گیا تو نوازشریف لندن سے قیادت کریں گے۔