سپریم کورٹ کا اتھارٹیز کو سوشل میڈیا سے توہین آمیز مواد ہٹانے کا عمل جاری رکھنے حکم 

اسلام آباد۔ صحابہ کی شان میں گستاخی کے ملزم شوکت علی کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے اتھارٹیز کو سوشل میڈیا سے توہین آمیز مواد ہٹانے کا عمل جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

معاملہ کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے دلائل دئیے کہ ڈیڑھ سال سے ملزم جیل میں ہے،کیس میں مدعی مقدمہ کو بھی بری الزمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

سرکاری وکیل نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ کیس کا چالان جمع ہوچکا  ہے۔معاملے کے صرف پانچ گواہان ہیں۔  

جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایف آئی اے  نے بھی ملزم کی تحریر کو توہین آمیز قرار دیا ہے، بہتر ہے کہ درخواست واپس لے کر ٹرائل کا سامنا کریں۔ جس پر ملزم شوکت علی کے وکیل کی طرف سے درخواست ضمانت واپس لے لی گئی۔