لاہور۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نواز شریف سے پوچھے جانے والے سوالات کی تعداد 10سے بڑھا کر 30کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کو گواہ بنا کر حلفاً کہتا ہوں کہ اسلامی دوستوں کے ذریعے حکومت سے بارگین کی کوشش کی گئی ہے۔
مریم نواز خاتون ہیں اس لئے لحاظ کر رہا ہوں، ان کو تنبیہ کرتا ہوں کہ میرے پاس ایسی خبریں ہیں کہ اگر انہیں باہر نکال دوں تو ملک میں سیاسی زلزلہ آ جائے گا،لندن میں سی پیک کے خلاف گٹھ جوڑ ہو رہا ہے اور نواز شریف اس کے محرک ہیں، نواز شریف کو ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، نوازشریف کو تقریر کی اجازت دینا عمران خان کا غلط فیصلہ تھا۔
پی ڈی ایم اندھوں کا اصطبل ہے،اپوزیشن کی تحریک صرف سینیٹ کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک ہے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ12ٹرینیں نجی شعبے کو دیدی ہیں اور مزید 34دیں گے،6 مزید ٹرینیں فریٹ کی کراچی میں دیدی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے، نواز شریف کو اپنی بیٹی کے علاوہ کسی پر اعتبار نہیں، انہیں شاہد خاقان سمیت کسی رہنما پر اعتبار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ (ن) سے (ش)ضرور نکلے گی اور دسمبر اور جنوری تک کا ٹائم ہے،(ن) لیگ بہت مسائل سے گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کے متعلق بات کی ہے،کیا نوازشریف نے انہیں تعریفی خط نہیں لکھا کہ آپ کی جمہوریت کیلئے بڑی خدمات ہیں،کیا آپ اس وقت جھوٹ بول رہے تھے، آپ میں آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرنے کی جرات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عظیم فوج ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے، نوازشریف نے پاک فوج کے خلاف اعلان جنگ کیاہے،بی جے پی کا کوئی کارکن تو فوج کے خلاف ہو سکتا ہے لیکن کوئی لیگی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کو عدالتیں بری لگتی ہیں، جب جسٹس قیوم، جسٹس نسیم حسن شاہ اور جسٹس تارڑ تھے تو آپ کو یہ عدالتیں بڑی پیاری لگتی تھیں، آپ فون کر کے انہیں احکامات دیتے تھے کہ فلاں کو اتنی سزا سناؤ اور فلاں کو چھوڑ دو،نوازشریف بھول گئے جو انہوں نے جونیجو کی پیٹھ پر چھرا مار کر سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز خاتون ہے اس لئے انہیں رعایتیں ملی ہوئی ہیں۔ آپ یہ کیوں نہیں بتاتے کہ آپ کے چچا پر کیا کیس تھا۔آپ کے والد علاج کے نام پر بیرون ملک گئے لیکن آج تک علاج نہیں کرایا۔22کروڑ عوام کی اس سے زیادہ توہین اور کیا ہو سکتی ہے کہ ان کا وزیر اعظم متحدہ عرب امارات میں نوکری کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ آپ نے این آر او مانگا اور اس میں اور بھی لوگ شامل تھے۔ آپ نیب کے قانون میں 34ترامیم چاہتے تھے لیکن عمران خان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا قانون نہ پاس ہو لیکن ہم ان کی ترامیم نہیں مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں، آپ فوج کے جوتے میں ایکسائز کے وزیر بنے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا ہو، سیلاب ہو،دہشتگردی اور ٹڈی دل کا حملہ ہو ہماری فوج لڑتی ہے، فوج نے نیلم جہلم میں کردار ادا کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ قوم کو قوم کو بتائیں آپ ایک سال اور دس ماہ تک کیوں خاموش رہے، کیونکہ آپ اسلامی دوستوں کے ساتھ مل کر بارگینگ کررہے ہیں۔
اب آپ کے بیانیے کا نہیں بلکہ عدالتوں کا وقت ہے۔ آپ بتائیں آپ نے مودی میں تنہائی سے کیا باتیں کیں، پاکستان سے باہر جا کر کیوں مودی اور جندال کو فون کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف لندن میں گٹھ جوڑ ہو رہا ہے۔