پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں، کورونا کا شکار ٹرمپ کا ہسپتال سے ویڈیو بیان جاری 

نیویارک۔ہسپتال میں زیر علاج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

ایک ویڈیو بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب ہسپتال آیا تو اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا لیکن اب خود کو پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بہت جلد واپس آئیں گے اور جہاں سے انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اسے ختم کرنے کے منتظر ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کورونا سے ریکوری کے لیے آئندہ چند روز اصل امتحان ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت فی الحال تسلی بخش نہیں ہے لیکن ان کی صحت میں مسلسل بہتری آرہی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے کافی پْرامید ہیں۔