اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹ کیسز کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، اس موقع پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ تمام ملزم موجود ہیں اس لیے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کرتے ہیں جس کے بعد آصف علی زرداری اور ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان کو چارج شیٹ فراہم کردی گئی۔
فرد جرم کی کاپیاں فراہم کیے جانے کے بعد عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے پر آصف زرداری نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ، جبکہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو نیب کے گواہ کو طلب کر لیا گیا۔
آصف زرداری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے مقدمات بنتے رہتے ہیں، یہ مقدمات ہم نے دیکھے ہوئے ہیں۔