لاہور کےپولیس اسٹیشن میں نواز شریف کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج

ذرائع کے مطابق لاہور کے شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں 120 اے اور بی 121 اے اور بی ، 123 اے اور بی ، 124 اے اور بی و دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے مقتدر اداروں کو بدنام کرنے کے لئے اشتعال انگیز تقاریر کیں۔ ان کی تقاریر کا مقصد پاکستان کو غنڈہ ریاست قرار دلانا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف بھی گوجرانوالہ میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔


دوسری جانب وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ غداری کے زمرے میں آتا ہے اور نواز شریف پر غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے عوام کا دباؤ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، ان کا لندن میں بھی محاسبہ کریں گے۔