خیبر پختونخوا حکومت کا ساڑھے چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنیکا فیصلہ 

 

پشاور۔خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کے شدید بحران پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت نے ساڑھے چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی کے لئے مرحلہ وار طور پر وویلج کونسل کی سطح پر آٹے کی سپلائی مراکز بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق پشاور میں آٹا بحران شد ت اختیارکر گیا ہے صوبائی حکومت کی جانب سے سستے داموں آٹے کی فراہمی کے لئے اشرف روڈ،رامپورہ میں جھگڑوں میں اضافہ اور پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں آٹا اور گندم بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے ساڑھے چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 پہلے مرحلہ میں یوکرائن سے ایک لاکھ20ہزار میٹرک ٹن گندم خیبر پختونخوا کیلئے روانہ کردی گئی ہے جو رواں ہفتہ پاکستان پہنچ جائے گی جس کے معائنہ اور حصول کیلئے محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔

 خیبر پختونخوا کابینہ نے صوبہ میں آٹا بحران اور سردیوں میں آٹے کی متوقع قلت کے سدباب کیلئے بڑے پیمانے پر گندم کی خریداری کا فیصلہ کرتے ہوئے اس مقصد کیلئے 3ارب روپے سبسڈی دینے کی منظوری دی ہے۔