آذربائیجان مشروط طور پر آرمینیا سے جنگ بندی کیلئے تیار ہوگیا

آذربائیجان نے جنگ بندی کے لیے آرمینیا سے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ سے انخلا کا وقت دینے کی شرط رکھ دی۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ’نگورنو کاراباخ‘ کے تنازع پر جاری جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے، آذری افواج نے متعدد علاقوں سے آرمینیائی فوج اور باغیوں کا قبضہ چھڑا لیا ہے۔

اس جنگ میں اب تک دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا  ہے اور یورپی یونین اور ترکی سمیت کئی ممالک نے جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

آذربائیجان نے جنگ بندی کے لیے آرمینیا سے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ سے انخلا کا وقت دینے کی شرط رکھ دی ہے۔

گزشتہ دنوں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ نگورنو کاراباخ  آذری علاقہ ہے جس سے ہر صورت قبضہ چھڑایا  جائے گا۔

گزشتہ روز بھی ترک ٹی وی کو انٹرویو میں آذری صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے مقبوضہ علاقے واپس دیے جائیں تو خطے میں امن ہوگا اور علاقے سے انخلا کی واضح تاریخ دینا ہوگی۔