چین کا جوہری معاہدے پر ایران کی حمایت اور مشرق وسطیٰ میں نئےکثیر الجہتی فورم کی تشکیل کا مطالبہ

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شہر ٹینگ چونگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے مشرق وسطی میں تناؤ کو ختم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مساوی شراکت کے ساتھ کثیر الجہتی فورم کا مطالبہ کیا جو بات چیت کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ کرے گا اور مشرق وسطی میں امن کے لیے سیاسی اور سفارتی حل تلاش کرے گا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے 20015 میں عالمی قوتوں کے ساتھ طے پانے والے عالمی جوہری معاہدے کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا جس پر چینی وزیر خارجہ نے بھی جوہری معاہدے پر چین کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کی توثیق کی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے امریکا کی جانب سے یک طرفہ طور پر عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو معاہدے کے دیگر رکن ممالک کی رائے کا بھی احترام کرنا چاہیئے تھا۔ اپنی ضد یا انا کی تسکین کی خاطر عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے سے گریز کرنا مناسب عمل نہیں۔