اسلام آبا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کے اعدادوشمار کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرد موسم میں کورونا کی وباء کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس امر کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ابھی سے اقدامات اور حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
دفاتر اور تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات اور ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے کوویڈ-19کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ چھ ہفتوں میں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق کورونا کا مرض دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وباء کے پھیلاؤ سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
حالیہ اعدادوشمار کو مدنظر رکھتے ہوئے اور آبادی کو کورونا کی دوسری لہر سے بچانے کے حوالے سے اجلاس کے سامنے تجویز پیش کی گئی کہ ایسی تمام غیر ضروری سرگرمیوں جن کا تعلق معیشت اور تعلیم وغیرہ جیسی بنیادی ضرورتوں سے نہیں ان کو محدود کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔ ان میں عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز بھی پیش کی گئی۔