اسد عمرکی ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں سے جلسوں پر نظر ثانی کی اپیل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر اپنی جماعت سمیت اپوزیشن جماعتوں سے جلسوں پر نظر ثانی کی اپیل کردی۔

 نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نےکہا کہ میڈیا نے کورونا کے بارے میں پیغام پھیلانے میں کردار ادا کیا، میں نے کورونا کیسز کا مسئلہ 10 دن پہلے ہی اٹھا دیا تھا اور اس وقت اپوزیشن کے جلسے کی تاریخ نہیں آئی تھی۔

اسد عمر کاکہنا تھا کہ دنیا میں ہر جگہ کورونا کی شدید دوسری لہر آئی ہوئی ہے، قیاس آرائیاں تھیں کہ سردیوں میں کورونا میں شاید اضافہ ہو، اب یورپ میں کورونا بڑھتا نظر آرہا ہے جس سے ہمیں بھی اس کے بڑھنےکا خدشہ ہے۔

اپوزیشن کے جلسوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی ایسی سرگرمی جس سے لوگوں کو کوئی روزگار نہ مل رہا ہو اور صحت کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے اس سے گریز کرنا چاہیے، اگربطور این سی او سی سربراہ کےسوچوں تو پی ٹی آئی کے لیاقت باغ کے جلسے سمیت تمام جلسوں پر پابندی لگادوں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہےکہ جلسوں پر نظر ثانی کریں، چاہے وہ پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور جماعت، ہم ایسا کام نہ کریں جس سے لوگوں کی صحت کو خطرہ ہو۔