چارسدہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں اورانگریز کے خلاف جدوجہد کی، ہم اسے راستے کے راہی ہیں اور وہی تحریک چلاتے ہوئے عالمی اسٹیبلشمنٹ سے پاکستان کونجات دلائیں گے، یہ 22 کروڑعوام کا ملک ہے جسے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ہماراحکمران اسی اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ اوردھاندلی کی پیداوار ہے اس کے خلاف ہماراعلان بغاوت ہے، ہم اسے سمندربردکریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا، پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، انشاءاللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں، تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔