جلسے کریں یا دھرنے دیں، این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جلسے کریں یا دھرنے دیں این آر او نہیں ملے گا، کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہوگی۔پہلے دن سے کہا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اکٹھے ہوں گے۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی معاملات پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،اجلاس میں سیاسی صورتحال،اپوزیشن کی احتجاجی تحریک اوراشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق بات چیت کی گئی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت بھی نہیں ہوگی۔ 

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو خواہ مخواہ ہیرو نہ بنایا جائے، احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، دشمن مختلف حربوں سے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن ایجنڈا خود بے نقاب ہورہا ہے، اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں ہے، بلکہ ایلیٹ کلاس کے تحفظ کیلئے ہے۔

  اجلاس میں حکومتی ارکان نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دی جائے جس پر وفاقی حکومت نے اپوزیشن کو ملک بھر میں جلسے کرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

 کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد متعلقہ ضلعی انتظامیہ یقینی بنائے گی، امن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا آئینی قانونی حق ہے،انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔