مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نیب کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔

واضح رہےکہ سابق صدر نے احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس، ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس اور پارک لین کیس کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی بھی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کی استدعا کو مسترد کردیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے احتساب عدالت سے میگا منی لانڈرنگ کیس خارج کرکے اس میں بریت کی بھی استدعا کی ہے

۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ آج آصف زرداری کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا، عدالت نے آصف زرداری کو آج تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، عدالت نے آصف زرداری کے وکیل اور نیب سے دلائل طلب کر رکھے ہیں، نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری جواب داخل کرادیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری نیب کو تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔