اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شوگر انکوائری سے پہلے حکومت کے 2 تحقیقاتی یونٹس نے جہانگیر خان ترین، ان کے خاندان اور کاروبار کے بارے میں جاسوسی کی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیر ترین کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کے اردگرد ایسے لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے سابق جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین کے درمیان غلط فہمی پید اکرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے۔
رابطہ کرنے پر معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد نامزد افراد سپریم کورٹ گئے لیکن وہاں اپنا کیس ثابت نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن اپنا کام جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کی ترقی اور اسے حکومت میں لانے میں اہم کرداراداکیا۔