پی ڈی ایم کل گوجرانوالہ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی

لاہور/گوجرانوالہlلالہ موسیٰ: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب سے کل بروز جمعہ گوجرانوالہ میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
 
ضلعی حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسے کے انعقاد کیلئے مشروط اجازت دیدی گئی، جلسے سے پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما خطابات کریں گے۔

 مریم نواز لاہور سے جلوس کی صورت میں گوجرانوالہ روانہ ہوں گی جبکہ بلاول بھٹو لالہ موسیٰ سے ایک بڑے استقبالی جلوس کے ہمراہ گوجرانولہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت پر گرفتاریوں کے حوالے سے الزامات عائد کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔

 پولیس نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے، مختلف شاہراہوں کے اطراف میں کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے ہیں جنہیں امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں شاہراہوں کی بندش کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ 

جلسہ گاہ کے پنڈال اور شاہراہوں پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت کی تصاویر والے ہورڈنگز اور فلیکسز آویزاں کئے گئے ہیں۔

 گزشتہ روز جاتی امراء رائے ونڈ میں اجلاس بھی ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ریلی کو جہاں روکا جائے وہاں پر ہی دھرنا دیا جائے۔ہدایت کی گئی ہے کہ اگر احتجاج اور دھرنے کی ضرورت پیش آئے تولیگی کارکنان پر امن طور پر دھرنا اور احتجاج کریں۔