وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ نے ملک میں بیروزگاری کا گراف تیزی سے نیچے آنے کی نوید سنادی

 وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بنیادی خسارہ کئی برسوں کے بعد سرپلس میں بدل چکا ہے جب کہ آنے والے دنوں میں بیروزگاری کا گراف تیزی سے نیچے آئے گا۔

مشیرخزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلیے اقدامات کررہی ہے، حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے ہیں،بنیادی خسارہ کئی برسوں کے بعد سرپلس میں بدل چکا ہے، آنے والے دنوں میں بیروزگاری کا گراف تیزی سے نیچے آئے گا۔

 

لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور مصنوعی شرح تبادلہ کے سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ عوامل غیر صنعتی ، برآمدات میں رکاوٹ اور درآمدات کو فروغ دینے کا سبب بن رہے تھے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت ریفنڈز کے مسئلے کو بھی مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلیے پرعزم ہے ۔حکومت مزید شعبوں جیسے حلال فوڈ ، فارماسیوٹیکلز وغیرہ کو بھی اسی طرح کی سہولت کے نظام میں لانے کے لئے تیار ہے۔