اسلام آباد: پاکستان نے آرمینیا کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ پاک فوج آذربائیجان کی مدد کر رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق انہوں نے آرمینیا کے وزیراعظم کا روسی ٹی وی کو انٹرویو میں آذربائیجان کے ساتھ پاکستانی افواج کا مل کر لڑنے کا بیان دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمینیا کے وزیراعظم کے اس بے بنیاد بیان کو سختی سے مسترد کرتا ہے، آذربائیجانی صدر الہام علیوف بھی اس حوالے سے وضاحت کر چکے ہیں، آذربائیجانی صدر کہہ چکے ہیں کہ ان کی افواج کسی غیر ملکی فوج کی مدد کے بغیر ہی صورتحال سنبھالنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آرمینیا کی قیادت اپنے غیر آئینی اقدامات کو چھپانے کیلئے ایسے پروپیگنڈے کر رہی ہے، پاکستان آذربائیجان کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو بھی مسترد کرتے ہیں، پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے لغو اور غیر ضروری بیان کی سختی سے مذمت کرتا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر اور بھارتی اقلیتوں پر مظالم کی پردہ کشائی کی بجائے پاکستان پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگاتا ہے۔