اپوزیشن کی خواہش پر منتخب حکومت جانے والی نہیں، شاہ محمود قریشی 

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی خواہش پر منتخب حکومت جانے والی نہیں اسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے عوام نے اپوزیشن کے جلسے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

عوام سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کا اتحاد وقتی ہے کیونکہ اپوزیشن کے اتحاد میں نہ لیڈر ایک، نہ جھنڈا ایک اور نہ ہی منشورایک ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ سوشل میڈیا نے جلسے کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے۔اپوزیشن کے جلسے میں کوئی ربط نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش پر منتخب حکومت جانے والی نہیں اسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے۔اپوزیشن کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے کیونکہ وہ ماضی کی روایات پر گامزن ہے اور عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ اپوزیشن معیشت کی بحالی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔موجودہ مسائل گزشتہ دوسال کے پیدا کردہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام باشعور ہیں وہ اپوزیشن کی لفاظی میں نہیں آئیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ احتساب کا ادارہ ہمارے تابع نہیں۔ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہے۔نواز شریف کی بیماری کا ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ہے۔جس نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اس کوکیفرکردار تک پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں پر تنقید کچھ لوگوں کا ایجنڈا ہے۔پاکستان کے شہریوں کی ایک ایک بات پر نظر ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ افواج پاکستان اور عوام نے دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔افواج پاکستان کا قیام امن میں کلیدی کردار ہے۔

اداروں پر تنقید کرنیوالیملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔امن و امان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے آج اپوزیشن کھلے عام جلسے کر رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم متحد ہے۔وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ سی پیک رواں دواں ہے اور اپنی منزل تک پہنچے گا۔