اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وباکے کیسز میں اضافے کے پیش نظر عوام کے نام ویڈیو پیغام میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ کورونا وبا پر کافی حد تک قابو پا چکے تاہم مکمل قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل ناگزیر ہیں، حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن اور لوگوں کو بیروزگاری سے بچا کر موثر طریقے سے وبا کا مقابلہ کیا، ہم کورونا کے خلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے ہیں تاہم ابھی مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
جن ممالک میں کورونا وائرس میں کمی آ ئی ان میں یہ دوبارہ پھیل رہا ہے، پاکستانی عوام نے احتیاط کی، مساجد اور بازاروں میں ماسک پہنے، سماجی فاصلہ بر قرار رکھا، کورونا وبا دوبارہ پھیلنے کے تناظر میں مزید چند مہینوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو بے روزگار نہیں ہونے دیا اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی، علماء کرام اور میڈیا نے کورونا سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، عوام ماسک پہنیں،سماجی فاصلہ رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں، شادی ہالز، گھروں میں اجتماعات کے دوران احتیاط کریں بغل گیر نہ ہوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔