کیپٹن (ر) صفدرکراچی میں نجی ہوٹل سے گرفتار

 کراچی:پولیس نے کیپٹن(ر) محمد صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا .

زرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدرکو مزار قائد پر نعرے لگانےاور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے۔


تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا اور ان کی منتقلی کی جگہ سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔

پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہےکہ ان کے شوہر کو نجی ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا ہے۔مریم نواز نے اپنے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کی ٹوئٹ شیئر کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کراچی پہنچی تھیں جہاں مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔