پولیس نے مزار قائد کی بے حرمتی کیس میں گرفتار کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت میں پیش کردیا ۔
کیپٹن (ر) صفدر کوعزیز بھٹی تھانے سے بکتر بند گاڑی میں سٹی کورٹ لایا گیا۔ سٹی کورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جب کہ پیشی سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک یونٹ نے بھی سٹی کورٹ کا مکمل معائنہ کیا اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے ضمانت قبل از گرفتاری کرانے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں کیا ہے۔
یاد رہیں کہ مزار قائد کی حفاظت اور اس کے تدقس کے لیے قائداعظم مزار (پروٹیکشن اینڈ مینٹی نینس) آرڈینینس مجریہ 1971 رائج ہے، قانون کی شق 6 کے تحت مزار قائد کے احاطے کے اندر اور اس کے 10 فٹ باہر تک عوامی مظاہرے اور ہر طرح کی سیاسی سرگرمی ممنوع ہے اور ایسا جرم ہے جس پر جرمانے کے علاوہ جیل کی سزا بھی مقرر ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو 3 سال جیل اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔