اسلا م آباد:افغانستان کے سابق وزیر اعظم وحزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ دفترخارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار اور ان کے وفد کو دفتر خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں مستقل امن سے مشروط ہے، پاکستان، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان مسئلے کے دیرپا حل کا واحد راستہ افغان قیادت کو قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں، اور ہمیں خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو سراہا جا رہا ہے۔
گل بدین حکمت یار نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہاحزب اسلامی کے اہم رہنما گل بدین حکمت یارپیر کو3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
پاکستان میں قیام کے دوران حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔