پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر عوام کی آگہی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے ترقیاتی کاموں اور اصلاحاتی اقدامات کو میڈیا کے ذریعے اُجاگر کرنے سے متعلق اُمور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس مقصد کیلئے وفاقی اور صوبائی محکمہ ہائے اطلاعات کے درمیان بہتر اور موثر کوآرڈنیشن پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں عوامی مفاد کے جتنے کام ہو رہے ہیں اتنے کسی اور صوبے میں نہیں ہو رہے جنہیں صوبائی اور قومی سطح پر موثر انداز میں اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے وزارت اطلاعات صوبائی حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر اشتہارات کی مد میں میڈیا ہاؤسز کو بقایا جات کی ادائیگیوں سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے اور ان بقایا جا ت کی ادائیگیوں کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور میڈیا کی طرف سے تعمیر ی تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت صحافیوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔