بحریہ ٹاؤن کیس:اٹارنی جنرل کی کمیشن بنانے کی استدعا منظور،کمیشن تشکیل

سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس میں 460 ارب روپے وفاق یا سندھ کو دینے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کی کمیشن بنانے کی استدعا منظور کرلی اور 460 ارب سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کیلئے کمیشن بنادیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 11 رکنی کمیشن کا سربراہ سپریم کورٹ تعینات کرے گی، کمیشن میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کا نمائندہ شامل ہوگا، اس کے علاوہ اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، چیف سیکرٹری سندھ، صوبائی فنانس سیکرٹری، سینئر ممبر ریونیو بورڈ سندھ اور  نمائندہ آڈیٹر جنرل بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کمیشن میں نمائندہ اکاؤنٹنٹ جنرل اور نمائندہ اسٹیٹ بینک بھی شامل ہوگا جب کہ کمیشن میں 2 سماجی شخصیات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کمیشن سندھ میں ضرورت کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرے گا اور پہلے سے جاری منصوبوں پر بحریہ ٹاون کا ملنے والا پیسہ خرچ نہیں ہوسکے گا۔