وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن کے جلسے اور تحریک سمیت منہگائی کی صورتحال پر مشاورت ہوئی اور وزارء نے تجاویز دیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا اور وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے وزیراعظم نے وفاقی محکموں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مہنگائی کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب، خیبرپختونختوا اور اسلام آباد میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹائیگر فورس کو ذمہ داری سونپی تھی کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھیں۔