اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگورنو کاراباخ میں امن وامان کی خراب صورتحال پرگہری تشویش ہے، پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے،آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کو انخلا کرنا ہوگا ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران دوطرفہ تعلقات، آذربائیجان،آرمینیا کشیدگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آ ذربائیجان کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے تجارت، تعلیم،اور کلچر سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
آذربائیجان کے وزیرخارجہ نے حالیہ تنازعہ میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگورنو کاراباخ میں امن وامان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش ہے، آذربائیجان کی دیہی آبادی پر آرمینیا کی بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے، ہم نگورنو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان اور آرمینیا میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی مثبت پیشرفت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فریقین میں پائیدار امن کا انحصار سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد پر ہے، آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کو انخلا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی اوآئی سی رابطہ گروپ سمیت عالمی فورمز پر نہتے کشمیریوں کی حمایت قابلِ تحسین ہے۔