انکوائری کی یقین دہانی،آئی جی سندھ سمیت دیگرپولیس افسران نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا 

کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سندھ نے کراچی واقعہ پر چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے جبکہ دیگر پولیس افسران کو بھی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ 10دن کیلئے واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔

سندھ پولیس کے ٹوئٹ کے مطابق سندھ پولیس نے انکوائری رپورٹ آنے تک چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔ جاری ٹوئٹ کے مطابق آئی جی نے سندھ نے انکوائری کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ مؤخر کیا ہے جبکہ دیگر اعلیٰ افسران کو بھی چھٹی کی درخواستیں 10روز کیلئے واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ 

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ 18اور 19اکتوبر کی درمیانی رات کے واقعے سے دلی تکلیف ہوئی تاہم چھٹی مؤخر کرنے کا فیصلہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔ سندھ پولیس ہمیشہ سے منظم فور س رہی ہے۔ 

سندھ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سند ھ مراد علی شاہ کے آئی جی ہاؤس آنے اور یکجہتی پر مشکور ہیں۔ ہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے پولیس فورس کی دل شکنی کا احساس کیا۔