کراچی، 4منزلہ عمارت میں گیس لیکج سے دھماکہ،5افراد جاں بحق، 25زخمی

 

کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب 4 منزلہ رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور25 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 7کی حالت تشویش ناک ہے۔

 تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔

پولیس نے بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ریسکیو حکام نے کہا کہ دھماکے میں  5 افراد جاں بحق اور 25زخمی ہوئے،7 کی حالت تشویشناک ہے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 جاں بحق ہونیوالوں میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے جب کہ بینک کا گارڈ بھی دھماکے میں جاں بحق ہوا۔بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ گیس لیکج سے ہوا اور کسی قسم کے بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے۔