اپوزیشن اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہے،سینیٹر شبلی فراز

 

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک سٹیج پر دیکھ کر بنارسی ٹھگوں کی یاد آ جاتی ہے اور چالیس سال سے ملک میں بنارسی ٹھگوں کی حکومت تھی۔

، یہ لوگ لینڈ کروزر میں بیٹھ کر اور ایئر کنڈیشن والے کمروں سے غریب عوام کی بات کرتے ہیں۔ قوم ان سے ملک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کا بدلہ لے گی۔

بدھ کو انہوں نے کہا کہ یہ بہروپیے ملک کو لوٹ کر اپنی دولت باہر منتقل کرتے رہے ہیں، ملک کو کھوکھلا کیا، بے دردی ملک کو لوٹا ہے، موٹر سائیکلوں میں آنے والے آج بڑی بڑی گاڑیوں میں چل رہے ہیں اور یہ لوگ چاہتے ہیں کہ قوم ان کے کرپشن زدہ چہرے بھول جائیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو علم نہیں کہ وہ کس آگ سے کھیل رہی ہے، اپوزیشن کی کوشش ہے کہ اداروں کو آپس میں لڑایا جائے اور دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ان کی باتیں ہندوستانی خبروں اور چینلز پر چلتی ہیں ان کی تصاویر دیکھائی جاتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کا کوئی جواب نہیں دے رہا ہے، شہباز شریف کے ملازمین کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں، ایسے دھول جھونک رہے ہیں جس کے پیچھے یہ چھپنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی سیاست اپنے ذاتی مفادات کا مجموعہ ہے، باہر بیٹھ کر بزدلوں کی طرح تقریر کرتے ہیں جبکہ مریم نواز نے خود کو بے نظیر سمجھ لیا ہے لیکن بے نظیر پڑھی لکھی خاتون تھیں، اپوزیشن کی جانب سے جمہوریت کالبادہ اوڑھ کر کاروبار کیا گیا۔ 

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن میں بولنے والوں کی حکومت میں ان کی ایئر لائن فائدے میں تھی اور پی آئی اے نقصان میں جاتا رہا ہے، کیا یہ جمہوریت ہوتی ہے کہ جھانسہ دے کر اقتدار میں آ جائیں یہ لوگ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، انہوں نے پولیس میں کرمنل کو بھرتی کیا اور جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے جبکہ بلاول زرداری تقریر کر رہے ہیں کہ عوام ان کا ساتھ دیں لیکن عوام ان کو جانتی ہے، یہی لوگ جو آج بغل گیر ہیں۔ انہوں نے ایک دوسرے کو برا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اور مریم نواز موروثی سیاست کرتے ہیں، سندھ کو تباہ کر دیا ہے، یہ لوگ جھوٹوں کے ماسٹر ہیں اور سارا ڈرامہ کیا ہے جبکہ دروازہ خود بھی توڑ سکتے ہیں جبکہ یہ لوگ سچ کو بھی جھوٹ بنانے کے ماہر ہیں۔

 شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے گرفتاری کے واقعہ کو سیاسی رنگ دیا اور اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے کیونکہ بلاول زرداری کی پولیس والوں سے ملاقات  انہیں ماننا اس سے پہلے سب کا چھٹیوں پر جانا، وزیر اعلیٰ کا پریس کانفرنس کرنا اور گرفتاری کو درست جبکہ طریقہ کار نا مناسب کہنا، یہ سب سوالات پیدا کرتے ہیں جبکہ سندھ پولیس کے افسران کی چھٹیوں کی درخواستوں کے پیچھے دال میں کچھ کالا ہے۔

اس معاملے پر آرمی چیف اور کور کمانڈر نے کمیٹی بنائی ہے، سب سچ سامنے آ جائے گا،انہوں نے اداروں پر جوالزامات لگائے ہیں اس کی حقیقت بھی قوم کے سامنے آئے گی، ادارے آزاد اور خود مختار ہیں۔

 وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ملکی معیشت پٹڑی کی طرف جا رہی ہے، ہماری ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، کاروباری صورتحال معمول پر آرہی ہے، آئے روز بیرون ممالک سے ترسیلات میں اضافہ ہورہا ہے، ملک میں کاروباری سر گرمیاں دن بدن بڑھ رہے ہیں، فیصل آباد میں ہر مل پوری گنجائش کے ساتھ کام کر رہی ہے، معیشت کے اعداد و شمار مثبت اشاریوں میں آرہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بھلائی کیلئے کام کر رہے ہیں، بنارسی ٹھگوں اور خاندانی پارٹیوں سے آزاد کرانا چاہیے، آج اپنے دل سے کہتا ہوں کہ اپوزیشن میں کوئی بھی عمران خان کی ذات اور کردار میں اس کے جوتے تک بھی نہیں پہنچ سکتے ہیں، اپوزیشن جھوٹوں کا ٹولہ ہے اور ایسا جھوٹ بولتے ہیں لوگوں کو سچ لگے۔

شبلی فراز نے کہاکہ اپوزیشن تو صرف سیٹیاں بجاتی ہے کسی قانون اور ملکی مسائل پر بات نہیں کرتی ہے،وزیراعظم نے کہا تھا کہ کرپشن کے علاوہ ہر چیز پر بات ہو سکتی ہے لیکن اپوزیشن اپنی کرپشن بچانا چاہتی ہے۔