آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چھمب سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ آرمی چیف کو اس دورے کے موقع پر بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سمیت آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کے قریب رہنے والے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی انتھک اور غیر معمولی تیاریوں کو سراہا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘آرمی چیف نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے متاثر ہونے والی مقامی آبادی سے بھرپور تعاون کریں’۔

آرمی چیف نے جوانوں سے کہا کہ ‘ہر دم ثابت قدم رہیں، اپنے فرائض پوری ایمان داری اور عزم کے ساتھ ادا کریں’۔

قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا ایل او سی پر استقبال کیا۔