اسلام آ باد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزیر پر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے عائد کیے گئے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، کورونا سمیت تمام مشکلات کے باوجود معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی ہے۔
یہ سمجھتے ہیں کہ چادر اور چار دیواری صرف مریم صفدر ہیں، وہ وقت بھول گئے جب انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں نہتی حاملہ خواتین کے منہ پر گولیاں ماریں، یہ وہ بھول گئے ہیں جس طرح سے انہوں نے محترمہ بے نظیر شہید کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکیں، اس وقت چادر اور چار دیواری کا تحفظ کہاں گیا تھا۔
پچھلے دنوں بھی اپنی تقریر میں آپ نے ہماری خاتون اول کا ذکر کیا جو نہ سیاسی ہیں اور نہ ان کا سیاست سے کوئی لین دین ہے، آپ کی اخلاقیات کی سطح اتنی گر گئی ہے کہ آپ کسی کو بھی چھوڑ نہیں سکتے، آپ کی مخالفت پاکستان کے عوام اور عمران خان سے ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر پر الزام لگایا کہ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایف آئی آر درج نہ کی تو ان کی حکومت نہیں رہے گی، میں اس سفید جھوٹ کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور اس کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
قائد اعظم کے مزار پر جو ہلڑ بازی، غیرقانونی واقعہ ہوا جو صفدر اعوان اور مریم اعوان نے رچایا تھا، شبلی فراز نے کہا کہ اس جرم کو چھپانے کے لیے انہوں نے ایک نیا ناٹک رچایا اور ویڈیو فوٹیج میں صفدر اعوان پولیس کی گاڑی میں آرام سے بیٹھ رہے ہیں اور انہوں نے ایک دو نعرے بھی بلند کیے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ نہ تو کوئی زبردستی ہوئی، نہ کوئی کھینچا تانی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اگر کھینچا تانی ہوئی بھی تو اس کا ذمے دار کون ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے ساتھ میں یہ جھوٹ بولا کہ بلاول نے وزیراعظم سے رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے چیف آف آرمی اسٹاف کو فون کیا، دیکھیں آپ اپنی سیاست، اپنے جھوٹ کے لیے ایسے ڈرامے رچا رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، آپ جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں اور آپ کی کسی بات میں نہ تو کوئی وزن ہوتا ہے اور آپ ہمیشہ متضاد باتیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب معیشت بحال ہو گئی ہے اور آگے کی جانب رواں دواں ہے، آپ اسی وقت جمہوریت اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، آپ کا ناٹک اسی لیے ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان کامیاب ہو گیا تو آپ کی سیاست تو ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ عوام آپ کو اس بات کی بالکل اجازت نہیں دیں گے کہ آپ جو سیاسی ناٹک کر رہے ہیں، یہ بنارسی ٹھگوں کا ایک ٹولہ اکٹھا کیا ہوا ہے، اس سے آپ قوم کو گمراہ کردیں گے، ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے اور وزیر اعظم اس کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔