اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے وزرا کو ہدایت کی ہے کہ ملک اور ریاست کے بیانیے کی جنگ فرنٹ فٹ پرآکر لڑیں۔
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے میاں محمود الرشید،ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مرادراس، راجہ یاسر ہمایوں اورانصرمجید نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پنجاب کے وزرا کو میڈیا میں پارٹی موقف بھر پور اندازسے اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے استفسار کیا کہ پنجاب کے پارٹی کے سینئر صوبائی وزرا خاموش کیوں ہیں، آخر کیا وجہ ہے کہ وزرا ء میڈیا پر فرنٹ فٹ پر نظر نہیں آتے۔ وزرا ء ملک اور ریاست کے بیانیے کی جنگ فرنٹ فٹ پرآکر لڑیں۔
وزیراعظم نے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کے پارٹی مؤقف کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کی طرح دو سرے وزرا بھی کھل کر سامنے آئیں،اور سینئر وزرا خاموشی ختم کریں۔