اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے کرپشن مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ نے لاکھڑا پاور پلانٹ بے ضابطگی کیس کے دوران احتساب عدالتوں کو جلد از جلد مقدمات کے فیصلے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شواہد ریکارڈ کرنے کا عمل تیز کر کے جلد مکمل کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے احتساب عدالتوں کو مقدمات میں التوا نہ دینے کی بھی ہدایت کر دی اور چیئرمین نیب کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
عدالت عظمی کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب استغاثہ کے گواہان کی حاضری یقینی بنائیں۔
سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کیس کا ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 2 نومبر تک استغاثہ اور ملزم کے گواہان کے بیان رکارڈ کیے جائیں۔
عدالت نے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی سے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی۔