وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 15 جنوری کو جیل میں ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مریم کہتی ہیں کراچی انکوائری کی ضرورت نہیں، اور دوسری طرف کہتی ہیں کہ انکوائری ہوئی تو پیش ہوں گی، مریم نواز نے متضاد باتیں کیں، جھوٹ تو ان کی گھٹی میں ہے۔
ان کا کہنا تھا ان لوگوں نے اپنے دور میں کس طرح چادرچاردیوار کا تحفظ کیا، ماڈل ٹاؤن میں خواتین پر فائرنگ کی گئی، بینظیر بھٹو کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے گرائیں، اس وقت چار دیواری کا تقدس نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل کی فوٹیجز سے ان کا جھوٹ سامنے آگیا ہے، ان لوگوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، یہ جب حکومت میں ہوتے ہیں تو ووٹ کی عزت بھول جاتے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان لائیں گے، ان کی اصل جگہ جیلیں ہیں، نواز شریف 15 جنوری کو پاکستان کی جیل میں ہوں گے، عمران خان ان کو نہیں چھوڑے گا، پیسے واپس لائیں گے اور ان کو سزا دلوائیں گے۔