ایمنسٹی انٹرنیشنل اور صحافتی تنظیموں کا رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار

پاکستان کی صحافتی تنظیموں، سینئر صحافیوں اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جنوبی ایشیاء نے نجی ٹی وی  کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیے بغیر میڈیا کی آزادی کا حصول ناممکن ہے۔

پی ایف یو جے کا کہنا ہے کہ اگر علی عمران سید کو فوری طور پر رہا نہ کروایا گیا تو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا اور پیر سے ملک بھر کی صحافتی تنظیمیں احتجاج کریں گی۔

علی عمران سید کے لاپتہ ہونے کے معاملے کا گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  بھی نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یاد رہیں کہ جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید گزشتہ روز شام 7 سے 8 بجے کے درمیان گھر سے تھوڑی دیر کے لیے باہر گئے اور لاپتہ ہو گئے۔