وزیر اعظم عمران خان کا میانوالی عیسی خیل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لوگ سوال پوچھتے ہیں کہ عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلیٰ بنایا، اس لئے کہ عثمان بزدار کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے، انہیں عوامی مسائل کا ادراک ہے، اس کے بجائے جو لوگ لندن میں علاج کروائیں انہیں کیسے پسماندہ افراد کا احساس ہو گا
اپوزیشن کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دو، تین شہروں پر پیسہ لگانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی۔ میں نے یہاں کے حالات دیکھے ہیں، جہاں ظلم ہو وہاں اللہ کی برکت نہیں آتی، آئی جی پنجاب کو ہدایت کرتا ہوں کہ تھانوں میں غریبوں پر ظلم نہیں ہونا چاہیے،قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور کو اوپر اٹھانا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب لوگ کہتے تھے کھلاڑی کیسے سیاست کرے گا تو میانوالی میرے ساتھ کھڑا ہوا، تحریک انصاف کو پہلی نشست یہاں سے ملی، آپ لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا ہے پاکستان دنیا میں طاقتور ملک بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے امیر نہیں ہوتیں بلکہ تعلیم پر خرچ کرنے سے امیر ہوتی ہیں، ہم میانوالی میں ایک عالمی معیار کی نمل یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو ایک نالج سٹی ہو گا، یہاں سے پورے پاکستان کے لیے زرعی شعبے پر ریسرچ ہو گی۔