پاک فوج کا اقوام متحدہ کے 75ویں یوم تاسیس پرنیک خواہشات کا اظہار

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اقوام متحدہ کے75ویں یوم تاسیس پر نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا 2 لاکھ پاکستانی جوانوں نے 46یواین مشنز میں خدمات انجام دیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے75ویں یوم تاسیس پرنیک خواہشات کااظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اقوام متحدہ کے 75ویں یوم تاسیس سے متعلق ٹوئٹ میں کہا کہ 46یواین مشنز میں پاکستان کے 2 لاکھ جوانوں نے خدمات انجام دیں، پاکستانی جوانوں کی28ممالک میں تعیناتی کی گئی اور عالمی امن کے لئے 158پاکستانی امن مشن کے اہلکار شہیدہوئے۔

خیال رہے افواجِ پاکستان کی یواین کےساتھ امن خدمات انجام دینےکی طویل تاریخ ہے، پاکستان نے 30 ستمبر1947 کو اقوام متحدہ کے امن مشن میں شمولیت اختیار کی ، یہ ایک نامور دور کا آغاز تھا، جس کی تاریخ بے مثال ہے۔

پاکستان کااقوام متحدہ کےامن مشن کاآغاز1960میں ہوا ،،کانگو میں پہلادستہ تعینات کیا ، پاکستان نے تقریباً 28 ممالک میں 2 لاکھ افواج کے ہمراہ 46 مشترکہ مشنز میں حصہ لیا اور امن مشنز میں 157 جوان بشمول 24 افسران نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اس سال نائیک محمدنعیم رضاشہیدکواقوام متحدہ کاخصوصی میڈل عطاکیاگیا ، پاکستان اقوام متحدہ کےحوالےسےبہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ، متعدد عالمی رہنماؤں، یو این قیادت نے پاکستان کی پر امن فوج کی کارکردگی کو تسلیم کیا۔

پاکستانی خواتین بھی اقوام متحدہ امن مشن کانگومیں امن کے لئے سر گرم عمل ہیں ، امریکی نائب معاون وزیرخارجہ بھی پاکستانی خواتین سے متاثرہوئے بغیر نہ رہ سکے ، ایلس ویلز نے پاکستانی خواتین کے امن کردار کو سراہا۔

اقوام متحدہ چھتری تلے تاحال 83 پاکستانی خواتین امن مشن کا حصہ ہیں ، پاکستان 19جون 2019 میں کانگومیں خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلا ملک ہے۔