اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ جنوری تک نواز شریف کی واپسی کے سوا کوئی تبدیلی نہیں آئے گی.
پی ڈی ایم کے جلسوں کا مقصد صرف اور صرف مقدمات ختم کرانا ہیں، وزیر اعظم عمران خان انہیں مقدمات میں ریلیف نہیں دیں گے۔
فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے جلسے نہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سیاست چھوڑیں اور اپنے اصل کام پر توجہ دیں کیونکہ سیاست علما کا کام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس حیثیت سے برطانیہ میں مقیم ہیں؟ جنوری تک نواز شریف کی واپسی کے سوا کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ جب حسن اور حسین نواز نے کبھی کوئی کام نہیں کیا تو پھر اربوں پتی کیسے بن گئے ہیں؟۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ بھی ناکام ہو گیا ہے اور ان جلسوں کا مقصد صرف اور صرف مقدمات ختم کرانا ہے۔ انہی مقدمات کی وجہ سے یہ لوگ اکٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو لوٹی ہوئی رقم واپس کرنا ہو گی جبکہ یہ لوگ چاہتے ہیں جیل بھی نہ جائیں اور پیسے بھی واپس نہ کریں۔ کوئٹہ جلسے کی طرح کی سرگرمیوں سے عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جلسے جلوس والے چاہتے ہیں کسی طریقے سے ریلیف دیا جائے لیکن وزیر اعظم عمران خان انہیں مقدمات میں ریلیف نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک سینیٹ انتخابات سبوتاژ کرنے کے لیے ہے۔