پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کا بیانیہ قابل مذمت ہے، سینیٹر شبلی فراز 

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کا بیانیہ قابل مذمت ہے۔

، بھارت، اسرائیل اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک ہی تکون کے 3 رخ ہیں، پی ڈی ایم اگر جلسے میں شان رسالتؐپر بات کرتی تو بہتر ہوتا،لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے،۔

 عمران خان کی سیاست کا محور ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، ہماری سمت ٹھیک ہے، ہم اداروں کو مضبوط کریں گے۔

،سزا یافتہ مریم نواز کو سوالات پوچھنے کا کوئی حق نہیں، بلاول بھٹو سوئس بنکوں میں رکھے 65 ملین ڈالرز کا جواب دیں،مہنگائی نہیں ہونی چاہیے، آئندہ 2 ہفتوں میں نمایاں فرق دیکھیں گے۔

 اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے شان رسالتؐ کے حوالے سے اقوام متحدہ میں بات کی تھی،پی ڈی ایم اگر جلسے میں شان رسالت ؐپر بات کرتی تو بہتر ہوتا۔ 

انہوں نے کہاکہ جلسے میں عدالتوں سے مفرور شخص نے تقریر کی، نوازشریف نے اداروں کے خلاف ایک بار پھر غلط  باتیں کیں۔

 وزیر اطلاعات نے کہاکہ  پی ڈی ایم جلسے میں اویس نورانی نے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا، یہی ملک دشمن چاہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اویس نورانی کا بیان ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے، اویس نورانی کے بیان کی پی ڈی ایم جلسے میں بیٹھے کسی رہنما نے تردید نہیں کی،جس کا مطلب ہوا کہ وہ بھی بھارت اور اسرائیل کے بیانیے پر کارفرما ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سرحدوں کے محافظ اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور حکومت پی ڈی ایم بیانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو بدعنوانی پر  عدالتوں نے مجرم قرار دیا ہے۔

 وزیر اطلاعات نے کہاکہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست کا مقصد کرپٹ عناصر سے ملک کو آزاد کرانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرکے تباہ حال کیا گیا۔

 وزیر اطلاعا ت نے کہاکہ پیپلزپارٹی  قیادت کی ناقص پالیسیوں نے اسے  علاقائی جماعت تک محدو د کردیا ہے،بلاول بھٹو سوئس بنکوں میں رکھے 65 ملین ڈالرز کا جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اپنے ادوار میں ملک کو بے دردی سے لوٹ کر معاشی غداری کی۔

 انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو والد سے پوچھیں کہ انہوں نے عوام  سے روٹی کپڑا اورمکان  کیوں چھینا؟۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے منہ سے عوامی مفاد کی بات لطیفہ لگتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا خود کو صرف اور صرف احتساب سے بچانے کا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے 

۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت ملک لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام سیاسی شعور رکھتی ہے، قومی خزانہ لوٹنے والوں کے چقمے میں نہیں آئیگی۔ 

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کو معاشی خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی ترجمانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک قومی منصوبہ ہے، کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہیں کرنا چاہتے۔

سینیٹر شبلی فراز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم کا کھیل بہت بڑا ہے، یہ اپنے ذاتی مفادات کو بچانے کے لیے کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے مجموعی طور پر 30-40 برس اقتدار سنبھالا تاہم قانون کی بالا دستی کو یقینی نہیں بنایا۔

وفاقی وزیر نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے کہا کہ وہ کہہ رہی تھیں کہ لندن میں ادارے بہت سخت ہیں جبکہ دونوں پارٹیوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا اس لیے اداروں کو تباہ تو ہونا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم جو بیانیہ تشکیل دے رہی ہے وہ دراصل ملک پر حملہ ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات ہونے چاہیے اور ضرور ہوں گے۔


ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بم دھماکوں میں ہلاکتوں پر حکومت کی طرف سے اظہار افسوس کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نہیں ہونی چاہیے تاہم میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ 2 ہفتوں میں نمایاں فرق دیکھیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔