اسلام مخالف مہم کے معاملے پر اجتماعی فیصلے کا وقت آگیا ہے، شاہ محمود

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر سخت دِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسلام مخالف مہم کے معاملے پر اجتماعی فیصلہ ہونا چاہیے۔

اسلاموفوبیا بڑھتا ہوا ٹرینڈ ہے، وزیراعظم نے یو این تقریر میں کہا تھا رجحان پر قابو نہ پایا تو معاملات بگڑیں گے،رجحان نہ تھمنے سے آنے والے دنوں میں بھیانک واقعات رونما اور معصوم لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایک انٹرویومیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہذب ملکوں کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے، نائیجریا میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں قرار داد پیش کروں گا جس کا مقصد مسلم امہ کو یکجا کرنا اور احساس دلانا ہے کہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔قرارداد کا مقصد ایسی اشاعت پر قانونی طور پر پابندیاں لگوانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب کے ذریعے مشترکہ قرارداد لانے کا ارادہ ہے،جس کا مقصد اقوام متحدہ کے فورم سے بھی تائید حاصل کرنا ہے جبکہ 15 مارچ کو عالمی یکجہتی کا دن منانے کی قرار داد پیش کی جائے گی۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے،فرانس کے صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے،نفرت پر مبنی بیانیے میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کریں۔

 انہوں نے کہاکہ یہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا کچھ عرصہ قبل چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شائع کیے جس ہر پاکستان نے شدید احتجاج کیا اور سخت الفاظ میں مذمت کی،کبھی قرآن پاک کو جلانے کے واقعات سامنے آتے ہیں۔