27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ بین الاقوامی تنازع ہے،اورمسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ تمام رکن ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو اپنی بین الاقوامی زمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ بھارت کو خطے میں عدم استحکام کے لیے ریاستی دہشت گردی کے استعمال سے روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے پر مجبور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا، بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوج اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر انسانی اقدامات، وحشیانہ جبر نے ہندوتوا نظریے کی پیروکار آر ایس ایس بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں جنہیں کشمیری عوام، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا ہے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔