زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے مدرسے میں دھماکے سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے کے متاثرین اور شہدا کے لئے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مکار دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی گھناؤنی سازش کررہا ہے، تاہم دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے ، امن عمل کو کسی بھی صورت سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے بھی پشاور دھماکے کے شہداکے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکا امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے، دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے متحرک ہو گئے ہیں، ہمیں متحد ہو کر ملک دشمن طاقتوں کو شکست دینا ہو گی۔