اسلام آباد: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکر م نے کہا ہے کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا ان کی خارجی و داخلی مجبوریوں کے سبب ہے۔ تاہم پاکستان فلسطین کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے اصولی مؤقف سے انحراف نہیں کر سکتا۔
اْن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا بنیادی اْصول کے خلاف ہو گا اور پاکستان اس قدر کمزور ریاست نہیں ہے کہ اسے بنیادی اْصول سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا سکے۔
اسلام آباد میں غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد سے دنیا بھر کی خود ارادیت کی عوامی تحریکوں کی حمایت پاکستان کا بنیادی اصول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بنیادی اْصول کے تحت ہی پاکستان کا کشمیر پر مؤقف ہے اور فلسطین پر اسلام آباد کا مؤقف بھی اسی اصول کی بنیاد پر ہے۔