وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولؐ منانے کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول ؐ منانے جبکہ گستاخانہ خاکوں کے جواب میں متفقہ اور مؤثر ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس سلسلے میں وزیراعظم خود اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطے کرینگے وزیراعظم کے رابطوں کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

 وزیراعظم نے  ہفتہ عشق رسولؐ منانے کیلئے حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر مذہبی امور پیر نوالحق قادری نے ہفتہ عشق رسولؐ منانے کی تجویز دی جس سے وزیراعظم اور دیگر کابینہ ارکان نے اتفاق کیا۔

 ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولؐ12ربیع الاول سے 18ربیع الاول تک منایا جائیگا صوبے بھی وفاق کی ہدایات کے مطابق ہفتہ عشق رسولؐ منائیں گے۔

 اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہوئے گستاخانہ خاکوں کے جواب میں متفقہ اور مؤثر ردعمل دینے کافیصلہ کیا گیا۔ 

وزیراعظم عمران خان خود اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطے کرینگے۔اس سلسلے میں تمام اسلامی ممالک کو خطوط بھیجے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو او آئی سی کے ایجنڈے میں لایا جائے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارتی و قانونی اقدامات کئے جائیں۔