پشاور میں گزشتہ روز دیر کالونی کی مسجد و مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے بعد تدریس کا عمل عارضی طور پرمعطل کر دیا گیا ہے۔
مدرسے میں دھماکے کے چند گھنٹوں بعد ہی مسجد میں صفائی کرنے کے بعد ظہر کی نماز ادا کی گئی تاہم اب مسجد میں دینی تعلیم کا سلسلہ روک کر وہاں زیر تعلیم طلبہ کو کچھ عرصے کے لیے ان کے آبائی علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔
مدرسہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد ومدرسے کی سکیورٹی کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور مشاورت کے بعد درس و تدریس کا عمل شروع کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکاہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے