اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کر دیا۔ جب کہ کیس کےدیگر ملزمان پر 12 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنا دیا۔
مقدمے کے دیگر ملزمان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں تاہم صدارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث ان پر مقدمہ نہیں چلایا جائے گا۔
وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود، صوبائی وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین بھی مقدمے میں ملزم نامزد ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وزیرِ اعظم عمران خان کی مقدمے سے بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے وکیل نے بریت کی درخواست پر تحریری دلائل جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا۔